خیبر پختونخوا میں آئندہ دنوں کے دوران موسم غیر یقینی رہے گا، محکمہ موسمیات نے چند اضلاع میں بارش جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرمی کی پیشگوئی کی ہے۔ شہریوں، مسافروں اور کسانوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا امکان مردان، نوشہرہ، چارسدہ، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، بٹگرام، ہری پور، تورغر، صوابی، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، خیبر اور کرم میں ظاہر کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
ادھر سوات، مینگورہ اور ایبٹ آباد میں گزشتہ روز بھی بادل خوب برسے، جبکہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی اضلاع میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے، جہاں شدید گرمی اور لو کی کیفیت برقرار رہے گی۔
حکام نے شہریوں، خصوصاً دیہی علاقوں میں بسنے والے افراد، کسانوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، کھلے مقامات پر برقی آلات یا سولر سسٹمز کے تحفظ کو یقینی بنانے اور محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔