انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے صوبے بھر میں ٹیکسی گاڑیوں اور دیگر کمرشل ٹرانسپورٹ کی جانب سے عوام سے غیرمعمولی اور بھاری کرائے وصول کرنے کی عوامی شکایات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اس کا سخت نوٹس لیا ہے۔
جاری پریس ریلیز کے مطابق عوامی شکایات اور میڈیا رپورٹس کی روشنی میں آئی جی خیبرپختونخوا نے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آپریشنز محمد علی بابا خیل کو ہدایت کی، ضلعی پولیس افسران کو اس مسئلے کا جامع جائزہ لیکربھاری کرایوں کی شکایات کی تحقیقات کر کے قابل عمل سفارشات پیش کرنے کے علاوہ تمام اضلاع کے ٹرانسپورٹ افسران کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر عوامی شکایات کو فوری طور پر حل کرنے کا کہا تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوام کا تحفظ اور سہولت ہماری اولین ترجیح ہے۔ اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں اور عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا ۔ عوام بھاری کرایے وصول کرنے والے ڈرائیورز کی شکایات قریبی تھانے، پولیس ایپ یا پولیس ہیلپ لائن پر درج کروائیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کا فرض صرف امن و امان کا قیام نہیں بلکہ عوامی سہولیات کا تحفظ بھی ہے۔
آئی جی پی خیبر پختونخوا کے احکامات کے تحت خیبر پختونخوا پولیس نے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹر کے خلاف بھر پور کارروائی کا آغاز کرکے مختلف سٹاپ اور بس اڈوں پر چیکنگ کے ذریعے زائد کرایہ وصول کرنے کی تصدیق کے بعد سخت ایکشن لیا ہے اور مختلف مقامات پر گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے اور مقررہ حد سے زیادہ سواریاں بٹھانے اور زیادہ کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف جرمانے اور چالان کی کارروائیاں کی گئی ہیں۔
اس مہم کے دوران زیادہ کرایہ وصول کرنے پر صوبائی دارالحکومت پشاور میں ٹریفک پولیس کی جانب سے اب تک 198 گاڑیوں کا چالان کیا گیا ہے جبکہ صوبائی سطح پر کل 327 گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
آئی جی پی ذوالفقار حمید نے تمام ضلعی پولیس افسران اور بالخصوص ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے اس ضمن میں خصوصی مانیٹرنگ میکنزم سے کرایوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھتے ہوئے ٹرانسپورٹ اڈوں پر مانیٹرنگ، چھاپے جبکہ تمام بس اڈوں، ویگن سٹینڈز اور ٹرانسپورٹ ٹرمینلز پر پولیس کی موجودگی کو یقینی بنانے کا بھی کہا۔
آئی جی پی نے واضح کیا کہ پولیس کسی کو عوام کے بنیادی حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں دی گی۔ عوام کے باہمی تعاون سے ہی اس مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ خیبر پختونخوا پولیس عوامی خدمت اور قانون کی بالا دستی کے اصول پر کاربند ہے۔ زائد کرایوں کی لعنت کے خلاف یہ مہم اس بات کا ثبوت ہے کہ پولیس عوام کے ساتھ ہے اور انکے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن قدم اُٹھایا جائے گا۔