وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نااہلی کیس، درخواست دائر، اہم وجہ سامنے آ گئی

عدلیہ آزاد نہیں رہی، اب تحریک سڑکوں پر چلے گی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

راولپنڈی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ عدلیہ اب آزاد نہیں رہی، اور ہمیں کسی طرف سے انصاف کی کوئی امید باقی نہیں رہی، اس لیے اب ہم اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے تحریک سڑکوں پر چلائیں گے۔

اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی عمران خان سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے جس میں بجٹ سے متعلق مشاورت کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے آئندہ بجٹ کے لیے بانی چیئرمین کی ان پٹ ضروری ہے، اور اگر معاشی ٹیم کو ان سے ملاقات کی اجازت نہ دی گئی تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین نے ہدایت کی ہے کہ بجٹ کا زیادہ تر حصہ انسانی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے، خاص طور پر ان علاقوں پر توجہ دی جائے جو ترقی میں پیچھے رہ گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی واضح کیا کہ اب اراکین اسمبلی کو براہ راست فنڈز نہیں دیے جائیں گے، بلکہ ان کی سکیموں کو ایک کمیٹی کے ذریعے جانچنے کے بعد منظوری دی جائے گی، جس کی منظوری عمران خان نے دی ہے۔

علی امین گنڈا پور نے عمران خان کے خلاف مقدمات کو “ڈرامہ بازی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدلیہ اور پراسیکیوشن کے رویے سے انصاف کی کوئی توقع باقی نہیں رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا آئینی حق ہے اور اب تحریک عوامی سطح پر سڑکوں پر لائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین کو اپنے کارکنان پر فخر ہے، اور موجودہ سیاسی حالات میں عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ملنے والے ووٹ اس بات کا ثبوت ہیں کہ قوم بیدار ہو چکی ہے۔

وزیراعلیٰ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک پر قابض عناصر ملک کو تباہ کر رہے ہیں، بجٹ قرضوں پر چل رہا ہے، اور اگر یہی صورتحال رہی تو ملک کا سودا کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملایا ، گورنر خیبرپختونخوا

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کی اجازت بھی بند ہے، جو انسانی اور اخلاقی لحاظ سے ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت جیل میں ہے، کارکنان پابند سلاسل ہیں، لیکن عوامی جدوجہد کو کسی صورت روکا نہیں جا سکتا۔

Scroll to Top