گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر گلیات میں صفائی کی خصوصی مہم شروع کر دی

حمد اللہ خان

گلیات : گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ڈائریکٹر جنرل شاہ رخ علی کی خصوصی ہدایت پر عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کی ایک جامع مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

مہم کا مقصد گلیات کے قدرتی حسن کو برقرار رکھتے ہوئے قربانی کے جانوروں کی باقیات کو ماحول دوست انداز میں ٹھکانے لگانا ہے۔

GDA کے صفائی عملے نے رہائشیوں اور سیاحوں میں بائیو ڈی گریڈ ایبل بیگز تقسیم کیے ہیں تاکہ جانوروں کے فضلے کو کھلے مقامات پر پھینکنے کے بجائے محفوظ طریقے سے تلف کیا جا سکے۔

حکام کے مطابق یہ اقدام نہ صرف صفائی کو یقینی بنانے کے لیے ہے بلکہ علاقے کی ماحولیاتی حساسیت کے پیشِ نظر عوامی صحت کو لاحق خطرات سے بچاؤ کے لیے بھی ضروری ہے۔

صفائی کی ٹیمیں قربانی کی باقیات کو منظم طریقے سے اکٹھا کر رہی ہیں اور ان کی محفوظ تلفی کے بعد متعلقہ علاقوں کی دھلائی اور مکمل صفائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : چاروں صوبوں کے گورنرز کی عید الاضحی کی مبارکباد

GDA کا کہنا ہے کہ یہ مہم عید کی تعطیلات کے دوران گلیات کے رہائشیوں اور سیاحوں کو صاف، محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے ادارے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی کے عمل میں بھرپور تعاون کریں اور علاقے کی قدرتی خوبصورتی کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔

Scroll to Top