اسلام آباد : پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ کا دوسرا دن بھی مذہبی عقیدت اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ منایا گیا۔
ملک بھر کے مسلمان سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کے فریضے کی ادائیگی میں مصروف نظر آئے، تاہم پہلے دن کے مقابلے میں دوسرے دن قربانی کی شرح میں واضح کمی دیکھی گئی۔
عید کے دوسرے دن بھی ضلعی انتظامیہ متحرک رہی۔ صفائی کے عملے نے مختلف علاقوں میں گلی محلوں سے آلائشیں اٹھانے کا کام جاری رکھا جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات میں مصروف رہے۔
بڑے شہروں خصوصاً لاہور، کراچی، اسلام آباد اور پشاور کی سڑکوں پر رش کم رہا کیونکہ بڑی تعداد میں شہری عید منانے اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہو چکے ہیں۔
عید کے دوسرے دن بچوں کے اصرار پر خاندان کے افراد نے رشتہ داروں کے گھروں اور تفریحی مقامات کا رخ کیا۔ نوجوان سیر و تفریح، دوستوں کی دعوتوں اور گھریلو میل جول میں مصروف رہے۔ گھروں میں مزیدار کھانے تیار کیے گئے، اور آج کے میزبان کل کے مہمان بننے کی روایتی ترتیب بھی برقرار رہی۔
بچے جھولوں اور دیگر تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے، جبکہ خواتین نے گوشت کی تقسیم، کھانے کی تیاری اور دیگر گھریلو ذمہ داریوں میں دن گزارا۔
یہ بھی پڑھیں : گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر گلیات میں صفائی کی خصوصی مہم شروع کر دی
دوسری جانب بزرگ حضرات اپنی منڈلیوں میں بیٹھ کر عید کی خوشیوں میں شریک رہے اور مختلف دلچسپیوں میں مصروف دکھائی دیے۔
ملک بھر میں عید کا دوسرا دن خوش اسلوبی اور پرامن ماحول میں گزرا، اور شہریوں نے مذہبی جذبے کے ساتھ ساتھ سماجی و خاندانی اقدار کو بھی بھرپور انداز میں نبھایا۔