پشاور میں ڈبلیو ایس ایس پی کا عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن دوسرے روز بھی جاری

پشاور:پشاور میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈبلیو ایس ایس پی کا خصوصی صفائی آپریشن دوسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری ہے۔ شہر کو صاف و شفاف رکھنے کے لیے 3563 سے زائد اہلکار صفائی مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔

ترجمان ڈبلیو ایس ایس پی کے مطابق، پہلے روز تقریباً پانچ ہزار ٹن آلائشیں محفوظ طریقے سے تلف کی گئیں، جب کہ 707 چھوٹی بڑی گاڑیوں کے ذریعے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اور باقیات گلی محلوں سے اٹھا کر مقررہ کلیکشن پوائنٹس پر منتقل کی جا رہی ہیں۔

کلیکشن پوائنٹس پر چونے کا چھڑکاؤ اور سپرے کا عمل بھی جاری ہے تاکہ بدبو اور ممکنہ بیماریوں کی روک تھام کی جا سکے۔ تمام زونز میں مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو صفائی کے عمل کی نگرانی کر رہی ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری آلائشیں صرف مقررہ کلیکشن پوائنٹس پر رکھیں، انہیں ندی نالیوں، نہروں، گلی محلوں یا سڑکوں پر ہرگز نہ پھینکیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آلائشیں تھیلوں میں بند کر کے اپنے گھروں کے سامنے رکھیں، جہاں سے عملہ انہیں اٹھا کر محفوظ طریقے سے ڈمپنگ سائٹس میں گڑھوں کے اندر تلف کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر گلیات میں صفائی کی خصوصی مہم شروع کر دی

اس دوران پینے کے پانی کی فراہمی کا عمل بھی بدستور جاری ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

ڈبلیو ایس ایس پی کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ صفائی عملے سے تعاون کریں اور شہر کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

Scroll to Top