سوات :مینگورہ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔
محلہ گل مشال، علی آباد، رنگ محلہ، گنبد میرہ سمیت متعدد علاقوں میں گزشتہ شام 6 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، جس پر شہریوں نے نشاط چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے سڑک بند کر کے واپڈا اور منتخب عوامی نمائندوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ 16 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہیں کی گئی، جس کے باعث نہ صرف گھریلو امور اور کاروبار متاثر ہو رہے ہیں بلکہ پانی کی فراہمی بھی معطل ہو چکی ہے۔
احتجاج میں شریک شہریوں کا کہنا تھا کہ محکمہ واپڈا نے عوام کو شدید اذیت میں مبتلا کر دیا ہے جبکہ منتخب نمائندے عوامی مسائل سے غافل ہیں۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بجلی بحال کی جائے، بصورت دیگر وہ احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ میں بجلی لوڈ شیڈنگ ، دیہی علاقوں میں 22 گھنٹے تک بجلی غائب
ادھر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ علاقے میں عوامی بے چینی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔