ڈیرہ اسماعیل خان: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کا آئندہ مالی سال کا بجٹ ٹیکس فری ہوگا اور اس میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی صورتحال کے باوجود خیبرپختونخوا کے پاس اتنے وسائل موجود ہیں کہ وہ وفاق کو بھی قرض دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ قرضوں کی ادائیگی کے لیے بجٹ میں 150 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، اور عوام پر اضافی بوجھ ڈالے بغیر معیشت کو مستحکم بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ماضی میں بھی تحریک چلائی گئی اور اب دوبارہ تحریک کی تیاری ہو رہی ہے، تاہم ان کی کامیابی اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کا بجٹ 13 جون کو پیش کیا جائے گا، مشیر خزانہ
ان کا مطالبہ تھا کہ افغانستان کے ساتھ جاری وفاقی مذاکرات میں خیبرپختونخوا کو بھی شامل کیا جائے تاکہ صوبے کے مفادات کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور بجٹ اسی حکمت عملی کے تحت تیار کیا جا رہا ہے۔