حجاج کرام کی واپسی شروع ، جدہ سے پہلی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی

حجاج کرام کی واپسی شروع ، جدہ سے پہلی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی

سعودی عرب سے پاکستانی حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ حج سے واپس آنے والی پہلی پرواز پی کے 732 جدہ سے اسلام آباد پہنچ گئی، جہاں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے حاجیوں کا استقبال کیا۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’’اس بات میں کوئی شک نہیں کہ حکومت پاکستان اور سعودی حکومت نے باہمی تعاون سے حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کیں۔’’ انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ سال اس سے بھی بہتر انتظامات کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ ’’عازمین حج کو ہر ممکن مدد فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، اور ہم اس فریضے کو پوری سنجیدگی سے نبھا رہے ہیں۔‘‘

پہلی پرواز سے پہنچنے والے حجاج کرام نے وزارت مذہبی امور اور متعلقہ اداروں کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حج کے دوران سہولتیں بہتر اور منظم تھیں، اور حکومتی نمائندے ہر مرحلے پر موجود رہے۔

یاد رہے کہ اس سال ہزاروں پاکستانیوں نے فریضہ حج ادا کیا، اور مرحلہ وار انداز میں ان کی واپسی کا سلسلہ آئندہ چند ہفتوں تک جاری رہے گا۔

Scroll to Top