خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے تہکال پلوسی میں خاندانی رشتے کے تنازع پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ڈی ایس پی آصف شریف کے مطابق واقعہ رات گئے پیش آیا جب ایک خاندانی تنازع نے مسلح جھگڑے کی صورت اختیار کر لی۔ جھگڑے کے دوران اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں عظیم خان، مزمل اور ایک خاتون موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، اور لاشوں کو فوری طور پر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا ہے۔
ڈی ایس پی کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ابتدائی شواہد کی روشنی میں گرفتار ملزمان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق حقائق سامنے آنے پر مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
رشتے کے تنازعات پر جان لیوا جھگڑوں میں اضافہ معاشرتی تشویش کا باعث بنتا جا رہا ہے، جس سے بچاؤ کے لیے مؤثر سماجی اور قانونی اقدامات کی ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔