اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے فسطائی حکومت کا جھوٹا بیانیہ قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت کے پیش کردہ اعداد و شمار ناقابل اعتبار ہیں اور عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت کا وزیر خزانہ بینکر ہے، جسے عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک سروے رپورٹ جھوٹ پر مبنی ہے اور زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتی۔
پی ٹی آئی رہنما نے لارج اسکیل مینوفیکچرنگ کے زوال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین برسوں سے مینوفیکچرنگ کا شعبہ مسلسل تنزلی کا شکار ہے، جس کے باعث نوجوانوں کی بڑی تعداد بیرونِ ملک جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اکنامک سروے میں 2022 کے پرانے اعداد و شمار شامل کیے گئے ہیں، جبکہ موجودہ معاشی حالات اس سے کہیں زیادہ بدتر ہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ٹریکٹروں سمیت زرعی آلات کی پیداوار میں بھی واضح کمی آئی ہے، جو کسانوں کے لیے خطرناک اشارہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت آئینی تقاضے کے مطابق بجٹ پیش کر رہی ہے، کوئی کنفیوژن نہیں، بیرسٹر گوہر
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بجٹ کسان، سرکاری ملازمین اور کروڑوں عوام کا قاتل ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔