خیبرپختونخوا کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، تنخواہوں میں 10 اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کا امکان

خیبرپختونخوا حکومت آئندہ مالی سال 2025-26 کا بجٹ آج، 13 جون کو پیش کرے گی۔ ذرائع کے مطابق بجٹ کا مجموعی حجم 2070 ارب روپے تک ہونے کا امکان ہے، جس میں جاری اخراجات، ترقیاتی منصوبوں، تنخواہوں، پنشن اور دیگر ضروریات کے لیے مخصوص رقوم مختص کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں جاری اخراجات کے لیے 1352 ارب روپے رکھے جا رہے ہیں، جب کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 680 ارب اور پنشن کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے جانے کی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ نان سیلری اخراجات کے لیے 520 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔

وفاقی حکومت کی طرز پر خیبرپختونخوا حکومت بھی آئندہ مالی سال میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کو آئندہ مالی سال میں این ایف سی ایوارڈ کی مد میں 1148 ارب روپے ملنے کی توقع ہے، جو صوبے کی آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : حکومتی بجٹ اور اعداد و شمار پر ہمیں اعتبار نہیں، شیخ وقاص اکرم

حکام کا کہنا ہے کہ بجٹ میں ترقیاتی فنڈز کے لیے بھی خاطرخواہ رقم مختص کیے جانے کا امکان ہے، تاکہ صوبے میں جاری انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور دیگر شعبہ جات کے منصوبے مؤثر انداز میں جاری رکھے جا سکیں۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ ایسے وقت میں پیش کیا جا رہا ہے جب صوبے کو مالی مشکلات، مرکز سے واجب الادا فنڈز کی منتقلی، اور سیکیورٹی چیلنجز جیسے اہم مسائل کا سامنا ہے۔

Scroll to Top