امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کو جوہری طاقت بننے سے روکنا امریکہ کی بنیادی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام تر سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا کسی صورت ایران کے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کو قبول نہیں کرے گا۔
اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملوں کے بارے میں امریکہ کو پہلے سے آگاہ کر دیا گیا تھا تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ امریکہ ان حملوں میں کسی بھی طور پر ملوث نہیں تھا, امریکی فوج کا آپریشن میں کوئی کردار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے ایران اپنے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے امریکہ کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے گا ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے پاس جوہری بم نہیں ہو سکتا اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔
امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے کسی قسم کی جوابی کارروائی کی تو امریکا اسرائیل کے دفاع کے لیے کھڑا ہو گا، ان کا کہنا تھا کہ موجودہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں امریکا اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:اسرائیل سخت سزا کیلئے تیار رہے، ایرانی سپریم لیڈر کا سخت ردعمل
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی گفتگو کے دوران ایک بار پھر زور دیا کہ ایران کو جوہری طاقت بننے سے روکنا نہایت ضروری ہے اور امریکا اس مقصد کے حصول کے لیے سفارتی اور اسٹریٹیجک دونوں سطحوں پر متحرک ہے۔