بجٹ اجلاس پر گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا آمنے سامنے

بجٹ اجلاس پر گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا آمنے سامنے

خیبرپختونخوا میں بجٹ اجلاس کے معاملے پر گورنر فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور آمنے سامنے آگئے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے آج بجٹ پیش کیا جانا ہے تاہم وزیر اعلیٰ کی بھیجی گئی اجلاس طلبی کی سمری پر گورنر کی جانب سے تاحال دستخط نہیں کیے گئے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ انہیں اجلاس بلانے کی سمری موصول ہو چکی ہے اور وہ آئین کے مطابق 14 دن کے اندر اس پر دستخط کرنے کے پابند ہیں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ آج ہی دستخط کرنا لازمی نہیں، تمام آئینی و قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ہی سمری پر دستخط کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور اپنی گیڈر بھبکیوں سے باز آ جائیں کسی دباؤ یا دھمکی کے تحت سمری پر دستخط نہیں کروں گا۔

گورنر نے مزید کہا کہ وہ ریاست پر حملے کرنے والے انتشاری ٹولے سے ڈرنے والے نہیں اور کرپشن کا بازار گرم کرنے والوں کی دھمکیوں سے بھی مرعوب نہیں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، تنخواہوں میں 10 اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کا امکان

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے آج بجٹ پیش کیے جانے کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے جس کے باعث آئینی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top