پشاور :خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور شہر میں بنیادی شہری سہولیات اور تاریخی ورثے کی بحالی کے لیے ایک ارب روپے کا ترقیاتی منصوبہ تجویز کیا ہے، جسے شہری معیارِ زندگی بہتر بنانے اور سیاحتی کشش بڑھانے کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت پشاور کے شہری علاقوں میں سڑکوں کی مرمت، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، روشنیوں کے جدید نظام کی تنصیب، تاریخی عمارتوں کی مرمت اور گرین اسپیسز کی توسیع شامل ہے۔ منصوبے کا مقصد نہ صرف شہر کے انفرااسٹرکچر کو جدید بنانا ہے بلکہ ثقافتی ورثے کا تحفظ بھی یقینی بنانا ہے۔
حکومت نے آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ابتدائی طور پر 10 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی ہے، تاکہ منصوبے کا آغاز بروقت کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق شہر میں مصنوعی روشنیوں کی تنصیب سے رات کے وقت سیکیورٹی میں بہتری آئے گی، جبکہ پارکوں اور سبزہ زاروں کی توسیع سے ماحولیات پر مثبت اثر پڑے گا اور شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات میسر آئیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : ڈیرہ اسماعیل خان میں 5 اپریل سے تاریخی ڈیراجات فیسٹیول کا آغاز
تاریخی مقامات کی بحالی کے لیے مخصوص عمارتوں اور یادگاروں کی مرمت کی جائے گی تاکہ پشاور کا ثقافتی حسن برقرار رہے اور سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو۔ اس منصوبے کو حکومت کی جانب سے پشاور کو ایک جدید، محفوظ اور خوبصورت شہر بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔