پشاور :صوبائی دارالحکومت پشاور میں ٹریفک اژدہام پر قابو پانے کے لیے خیبر پختونخوا حکومت نے رنگ روڈ پر متعدد انڈر پاسز کی تعمیر کا منصوبہ تجویز کر دیا ہے۔
منصوبے کی تخمینی لاگت 8 ارب روپے رکھی گئی ہے، جسے آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد پشاور رنگ روڈ پر ٹریفک کی بلاتعطل روانی کو یقینی بنانا اور شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے ابتدائی طور پر 30 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی ہے، جو منصوبے کے پی سی ون، فزیبلٹی اسٹڈی اور ابتدائی کام کے آغاز پر خرچ کی جائے گی۔
یہ انڈر پاسز رنگ روڈ کے ان مقامات پر تعمیر کیے جائیں گے جہاں ٹریفک کا دباؤ سب سے زیادہ ہے، تاکہ شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کا مستقل حل نکالا جا سکے۔
منصوبے کی جلد منظوری کے لیے متعلقہ فورمز سے رابطے جاری ہیں، اور آئندہ برس باقاعدہ تعمیراتی کام شروع کیے جانے کا ارادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں تاریخی مقامات کی بحالی اور شہری ڈھانچے کی بہتری کے لیے 1 ارب روپے کا منصوبہ تجویز
ٹریفک بہتری کے اس اقدام کو پشاور کی شہری ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف سفری وقت میں کمی آئے گی بلکہ حادثات کی شرح کم ہونے کا بھی امکان ہے۔