گلگت بلتستان کے علاقے چھلت نگر میں شادی کی خوشی اس وقت غم میں بدل گئی جب باراتیوں کی گاڑی خوفناک حادثے کا شکار ہو کر دریا میں جا گری، جس کے نتیجے میں دلہا سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب دلہا اپنے قریبی رشتہ داروں کے ہمراہ بارات لے کر دلہن کو لینے جا رہا تھا۔ راستے میں ایک تنگ موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی بے قابو ہو کر دریائے نگر میں جا گری۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جن میں دلہا بھی شامل ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر فوری امدادی کارروائیاں شروع کیں اور اب تک تین افراد کی لاشیں دریا سے نکالی جا چکی ہیں، جبکہ دیگر کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، تاہم ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ باقی افراد کی نعشیں بھی جلد نکالی جا سکیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے، اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے ریسکیو اداروں کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔