خسارے سے بچاؤ یا عوام پر بوجھ؟ بی آر ٹی کرایے میں 10 روپے اضافہ منظور

خسارے سے بچاؤ یا عوام پر بوجھ؟ بی آر ٹی کرایے میں 10 روپے اضافہ منظور

خیبرپختونخوا حکومت نے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سروس کے جاری مالی خسارے کے پیش نظر کرایوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ ٹرانس پشاور کے بورڈ آف گورنرز کی حالیہ میٹنگ میں کیا گیا، جس میں مالیاتی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا)کے مطابق خیبرپختونخوا اربن موبیلیٹی اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نئے کرایے یکم جولائی 2025 سے نافذ ہوں گے۔

نیا کرایہ نامہ
سرکاری دستاویزات کے مطابق بی آر ٹی کے کرایے میں فی اسٹاپ 10 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے:
5 کلومیٹر تک کے سفر پر کرایہ 20 سے بڑھا کر 30 روپے کر دیا گیا۔
40 کلومیٹر تک کے سفر کے لیے کرایہ 60 سے بڑھا کر 70 روپے کر دیا گیا۔
ایک بار کا ٹکٹ بھی اب 60 کے بجائے 70 روپے میں دستیاب ہوگا۔

مالی بحران اور حکومتی سبسڈی
دستاویزات میں بتایا گیا کہ حکومت خیبرپختونخوا نے گزشتہ برس بی آر ٹی کو 4 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی، تاہم اس کے باوجود مالی خسارہ برقرار رہا۔ اس فیصلے کا مقصد بی آر ٹی سسٹم کو خود کفیل اور پائیدار بنانا ہے۔

حکام کا مؤقف
محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے تناظر میں کرایے میں 10 روپے کا اضافہ مسافروں پر بڑا بوجھ نہیں، بلکہ اس سے نظام کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

اعلامیے کے مطابق بی آر ٹی روزانہ 6 لاکھ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرتی ہے، اور کرایوں میں اضافے کے بعد ٹرانس پشاور کو یومیہ 60 لاکھ روپے آمدنی حاصل ہونے کی توقع ہے، جو منصوبے کی مالی بہتری میں معاون ہوگی۔

Scroll to Top