ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس ، ملزم عمر حیات کا 4روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس ، ملزم عمر حیات کا 4روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم عمر حیات کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش کر دیا گیا، جہاں عدالت نے اسے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

پولیس نے ملزم کو علاقہ مجسٹریٹ محمد حفیظ کی عدالت میں پیش کرتے ہوئے سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی۔ پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کی شناخت پریڈ مکمل ہو چکی ہے، جس میں مقتولہ کی والدہ اور پھوپھو نے ملزم کو شناخت کیا۔

پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ تفتیش کے لیے ملزم سے زیر استعمال موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی کی برآمدگی ضروری ہے، جس کے لیے جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔

عدالت میں بیان دیتے ہوئے ملزم عمر حیات نے کہا کہ وہ اپنا موبائل فون پہلے ہی پولیس کے حوالے کر چکا ہے۔ اس نے عدالت سے میڈیکل کروانے کی درخواست کی، جس پر عدالت نے فوری طور پر میڈیکل چیک اپ کا حکم جاری کر دیا۔

عمر حیات نے مزید کہا کہ اس کا ابھی تک اپنے اہل خانہ سے رابطہ نہیں ہو سکا، جس کے باعث اسے یہ فیصلہ کرنے میں دشواری ہو رہی ہے کہ وکیل مقرر کیا جائے یا نہیں۔

عدالت نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد سات روزہ کی بجائے چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

یاد رہے کہ ٹک ٹاکر ثناء یوسف کا قتل کیس سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں شدید تشویش اور غم و غصے کا باعث بنا ہوا ہے، اور مقتولہ کے اہل خانہ انصاف کی فوری فراہمی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

Scroll to Top