بی آر ٹی بس ریپڈ ٹرانزٹ نہیں ، بلکہ برڈن ریپڈ ٹرانزٹ ہے، احمد کریم کنڈی

پشاور :پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی نے بی آر ٹی منصوبے کو صوبے پر بھاری مالی بوجھ قرار دیتے ہوئے کرایوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا جیسے غریب صوبے میں جہاں پچاس لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور ہزار کے قریب بی ایچ یوز فعال نہیں، وہاں پر اربوں روپے کی سبسڈی سے چلنے والا منصوبہ عوام کے مفاد کے بجائے ایک مالی بوجھ بن چکا ہے۔

احمد کریم کنڈی نے کہا کہ بی آر ٹی اصل میں بس ریپڈ ٹرانزٹ نہیں، بلکہ برڈن ریپڈ ٹرانزٹ ہے۔ ان کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک سے لیے گئے قرضوں میں سب سے زیادہ حصہ بی آر ٹی منصوبے کا ہے، جو صوبے کی معیشت کو مزید دباؤ کا شکار کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ایک جانب اس منصوبے پر سالانہ تقریباً تین ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے، اور دوسری جانب عوام پر بوجھ ڈالنے کے لیے کرایوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خسارے سے بچاؤ یا عوام پر بوجھ؟ بی آر ٹی کرایے میں 10 روپے اضافہ منظور

پیپلز پارٹی کے رہنما نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر بی آر ٹی منصوبے پر اخراجات اور سبسڈی کی تفصیلات عوام کے سامنے لائے، اور اس پر جامع نظرثانی کی جائے تاکہ عوام کا پیسہ حقیقی فلاحی منصوبوں پر خرچ ہو سکے۔

Scroll to Top