مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے زیادتی کی ہے، پاکستان کو ایران کے ساتھ کھڑے رہنا چاہیے اور ہم ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
لندن میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی خوش نصیبی ہے کہ وہ آج ایک ایٹمی طاقت ہے، مگر ہم نے یہ ایٹمی قوت جنگ کے لیے نہیں بلکہ امن کے قیام کے لیے حاصل کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ “پاکستان کا ایٹمی پروگرام امن کا ضامن ہے، اور ہمیں اسے قومی مفاد میں اسی جذبے کے ساتھ برقرار رکھنا ہے۔”
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت ناقابل قبول ہے اور یہ بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔ “ہم ایران کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، یہ ہماری اخلاقی، سیاسی اور برادرانہ ذمہ داری ہے۔”
انہوں نے ملک کی داخلی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز خلوص نیت سے ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “پاکستان مشکلات سے نکلتا ہوا نظر آ رہا ہے، جبکہ ماضی میں صرف تنزلی کا سامنا تھا۔”
نواز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے معیشت اور سیاسی استحکام کی سمت میں بہتری آرہی ہے، اور عوام کو جلد اس کے ثمرات نظر آئیں گے۔