عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہونا چاہیے، ایف بی آر میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی ضرورت ہے،بیرسٹر گوہر

عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہونا چاہیے، ایف بی آر میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی ضرورت ہے،بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں فوری اصلاحات کی ضرورت ہے، موجودہ ڈھانچے میں غیر ضروری عملہ کام کر رہا ہے اور کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایف بی آر میں اس وقت 16 ڈائریکٹر جنرل کام کر رہے ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ادارے کو مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

انہوں نے بجٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ اپوزیشن کی تجاویز کو سنجیدگی سے سنے اور عوامی مفاد میں شامل کرے۔ ’’عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہونا چاہیے۔ ہم اسی عوام کے پیسوں سے ایوان میں بیٹھے ہیں، تو ان کے مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے،‘‘

چیئرمین پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کے دوران ایوان میں کوئی وزیر موجود نہیں، جو جمہوری عمل کو سنجیدگی سے نہ لینے کا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سمیت کئی ممالک بجٹ میں عوامی ریلیف کو ترجیح دیتے ہیں، پاکستان میں بھی ایسی ہی سوچ اپنائی جانی چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد میں پراپرٹی پر ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے ٹیکس نظام کو بھی سادہ اور سہل بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایوان اس وقت اپنی آئینی اور جمہوری ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام دکھائی دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ماضی میں بھی حکومت کو بجٹ پر ووٹ دیتی رہی ہے اور اب بھی ایسا ہی کرے گی، لیکن اصل ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام فیصلے عوامی مفاد اور قومی ترقی کے تناظر میں کیے جائیں۔

Scroll to Top