خیبرپختونخوا بجٹ: ٹریفک جرمانوں میں غیر معمولی اضافے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے نئے مالی سال کے فنانس بل میں ٹریفک سے متعلق جرمانوں میں اضافہ کردیا۔

پہلی بار تین پہیوں والی گاڑیوں کی کیٹیگری شامل کردی گئی، جس میں رکشہ، چنگ چی اور لوڈرز شامل ہیں، تین پہیوں والی گاڑیوں پر کم سے کم جرمانہ 200، جبکہ زیادہ 10 ہزار روپے تجویز کیا گیا ہے۔

3 پہیوں والی گاڑیوں پر روٹ پرمٹ کی خلاف ورزی پر 5 ہزار جرمانہ جبکہ دوبارہ روٹ پرمٹ کی خلاف ورزی پر ڈبل جرمانہ تجویز کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے بجٹ میں فیک ڈارئیونگ لائسنس کا سلیب بھی جرمانوں کے شیڈول میں شامل کیا گیا ہے، فیک لائسنس پر گاڑی چلانے والوں پر 5 سے 10 ہزار جرمانہ تجویز کیا گیا ہے، کم عمر ڈرائیورز پر جرمانوں میں بھی اضافہ کیا جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں :سونے کی فی تولہ قیمت میں کمی

نئے فنانس بل کے مطابق 18 سال سے کم عمر موٹر سائیکل ڈرائیور پر جرمانہ ایک ہزار سے بڑھا کر 3 ہزار جبکہ چھوٹی گاڑی چلانے پر جرمانہ 2 ہزار سے بڑھا کر 5 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

Scroll to Top