پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان میں تعینات آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان، معاشی صورتحال، ضم اضلاع کے مسائل، ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز اور کھیلوں کے فروغ، بالخصوص خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان تعلیم، تجارت، زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا عرصہ دراز سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے قابلِ قدر پیشہ ورانہ خدمات انجام دی ہیں۔
گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے،صوبے کے وفاق کیساتھ کچھ مسائل ہیں جن کو جامع منصوبہ بندی اور حکمت عملی سے حل کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے آسٹریلین ہائی کمشنر کو صوبے کے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے آسٹریلوی تعلیمی اداروں میں اسکالرشپس میں اضافے کی تجویز بھی دی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پرامن معاشرے کی تکمیل کے لیے تعلیم ایک بنیادی ہتھیار ہے اور بحیثیت گورنر وہ صوبے کے نوجوانوں کو تعلیم اور کھیل کے میدان میں آگے لانے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں انجمن ہلالِ احمر کی خدمات کا دائرہ بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور ریڈ کریسنٹ کے تحت پشاور میں فری ایمبولینس سروس کا آغاز ہو چکا ہے، جسے ضم اضلاع سمیت صوبے کے تمام علاقوں تک وسعت دی جائے گی۔
گورنر نے ماحولیاتی چیلنجز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں گلیشیئرز کی زیادہ تعداد کے باعث خیبرپختونخوا کو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ خطرات لاحق ہیں۔
آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے خیبرپختونخوا کے طلباء کے لیے وظائف اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے متعلق گورنر کے وژن کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کھیلوں، بالخصوص خواتین کی شرکت کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں :اپوزیشن کی کسی جماعت نے فاٹا کی این ایف سی کےلیے آواز نہیں اٹھائی،مشیر خزانہ مزمل اسلم
ہائی کمشنر نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔