پی ٹی آئی رکن عبدالمنعم کا وزرا پر بجٹ میں جانبداری کا الزام

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ضلع شانگلہ سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالمنعم نے اپنی حکومت کے وزرا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انصاف نہ ملنے پر ایوان سے واک آؤٹ کی دھمکی دے دی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن عبدالمنعم نے کہا کہ بجٹ سازی میں وزرا نے اپنی ڈیوٹی ادا نہیں کی، ہر وزیر نے پہلے اپنے حلقے اور پھر دوسرے وزیر کے حلقے کا خیال رکھا۔

انہوں نے کہا کہ 14 اضلاع ترقیاتی منصوبوں سے محروم ہیں، وزرا اپنا قبلہ درست کرلیں، ہمیں بھی اپنے حلقے کے عوام کا دباؤ برداشت کرنا پڑتا ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی عبدالمنعم نے انصاف نہ ملا تو اسمبلی ایوان سے واک آؤٹ کی دھمکی دی اور کہا کہ میں بھی پچھلی حکومت میں وزیر رہا ہوں مگر کسی حلقے کو محروم نہیں رکھا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کے 34 اراکین سے حکومت نہیں بن سکتی، تمام اراکین کا خیال رکھا جائے۔

پی ٹی آئی رکن نے اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں عجیب نظام ہے، ایک وزیر دوسرے وزیر کے علاقے میں کام کر رہا ہے، گلہ اپنے وزرا سے ہے کیونکہ انہوں نے میرے علاقے کو کہیں ٹچ ہی نہیں کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 14ڈپارٹمنٹ نے ہمارے ضلع کو بالکل نظر انداز کیا ہے، میں بھی اسمبلی کا رکن ہوں، میرے علاقے کو نظر انداز کرنا کہاں کا انصاف ہے۔

یہ بھی پڑھیں :خیبرپختونخو کے وفاق کیساتھ مسائل کو منصوبہ بندی اور حکمت عملی سے حل کیا جاسکتا ہے،فیصل کریم کنڈی

عبدالمنعم خان نے کہا کہ میرے خیال میں بجٹ کی تعریف کرنے والے کچھ نہیں سمجھتے، ابھی بھی وقت ہے کمزور ضلعوں کے بارے میں کچھ سوچیں۔

Scroll to Top