شمالی وزیرستان،ڈی ایچ کیوہسپتال میرانشاہ کے سٹور سے زائد المعیاد ادویات برآمد

شمالی وزیرستان میں ضلعی انتظامیہ نے زائد المیعاد ادویات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے سرکاری اور نجی میڈیکل اسٹورز سے بھاری مقدار میں ایکسپائرڈ ادویات برآمد کر لیں۔

ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان محمد یوسف کریم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ شاہ ولی خان نے ڈرگ انسپکٹر عبدالغفار اور تحصیلدار غنی الرحمان وزیر کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میرانشاہ کے ایمرجنسی میڈیکل اسٹورز اور میرانشاہ بازار میں متعدد میڈیکل اسٹورز کا معائنہ کیا۔

دورانِ معائنہ بڑی تعداد میں زائد المیعاد ادویات برآمد ہوئیں، جنہیں موقع پر ہی ضبط کر لیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ دکانداروں کے خلاف ڈرگ ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایکسپائرڈ ادویات کی موجودگی پر ضلعی انتظامیہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا حکم جاری کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:برطانوی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار کو فون، مشرق وسطی کی صورتحال پر گفتگو

اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ میعاد ختم شدہ یا غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Scroll to Top