ایران میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے قومی ایئرلائن(پی آئی اے) کی خصوصی پرواز کے ذریعے 107 مسافر اسلام آباد پہنچ گئے۔
قومی ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق خصوصی پرواز PK-9552 ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد سے پاکستانیوں کو لے کر بدھ کی علی الصبح 3 بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پر اتری۔ یہ خصوصی پرواز حکومت پاکستان کی ہدایات پر روانہ کی گئی تھی تاکہ ایران میں جاری فضائی پابندیوں کے باعث متاثرہ پاکستانی شہریوں کو محفوظ طریقے سے واپس لایا جا سکے۔
ایرانی فضائی حدود کی بندش کے سبب متاثرہ پاکستانی شہری زمینی راستے سے ترکمانستان کے شہر اشک آباد منتقل ہوئے، جہاں پاکستانی سفارتخانے نے ان کی مکمل معاونت کی۔ اس پورے عمل میں ایران اور ترکمانستان میں موجود پاکستانی سفارتخانوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔
مسافروں نے اس بروقت اقدام پر حکومت پاکستان اور قومی ایئرلائن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ایک مثالی قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں قومی ایئرلائن کی خدمات، اس کی دہائیوں پر محیط روایت کا تسلسل ہے جو ہر کڑے وقت میں پاکستانیوں کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے مستقبل میں بھی حکومت کی ہدایات پر پاکستانی شہریوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے ہر ممکن اقدام کرتی رہے گی۔