ٹریفک نظم و ضبط کی بہتری کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا قدم، نئے جرمانوں کا نفاذ متوقع

ٹریفک نظم و ضبط کی بہتری کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا قدم، نئے جرمانوں کا نفاذ متوقع

خیبرپختونخوا حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ فنانس بل میں جرمانوں کا نیا شیڈول متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت خاص طور پر تین پہیوں والی گاڑیوں اور کم عمر ڈرائیورز کے لیے الگ سے جرمانے مقرر کیے گئے ہیں۔

بجٹ میں رکشہ، چنگ چی اور لوڈر گاڑیاں اب باضابطہ طور پر ’’تین پہیوں والی گاڑیوں‘‘کے زمرے میں شامل کر لی گئی ہیں۔ ان پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں 200 روپے سے لے کر 10 ہزار روپے تک کے جرمانے تجویز کیے گئے ہیں۔

نئے مجوزہ قوانین کے تحت روٹ پرمٹ کی پہلی خلاف ورزی پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے کی رقم دوگنی کر دی جائے گی۔

فیک ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والوں کے خلاف بھی سخت اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔ جعلی لائسنس پر گاڑی چلانے کی صورت میں 5 سے 10 ہزار روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

کم عمر ڈرائیورز کے لیے بھی سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔ 18 سال سے کم عمر موٹر سائیکل سواروں پر 1 سے 3 ہزار روپے تک، جبکہ چھوٹی گاڑی چلانے والے کم عمر افراد پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق ان ترامیم کا مقصد صوبے میں ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانا اور سڑکوں پر حادثات کی شرح کو کم کرنا ہے۔ ان ترامیم کو حتمی منظوری کے بعد صوبے بھر میں نافذ کر دیا جائے گا۔

Scroll to Top