پشاور: خیبرپختونخوا بار کونسل کی کال پر صوبے بھر میں وکلا نے عدالتوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے 500 روپے ماہانہ فکس ٹیکس کے نفاذ کے خلاف احتجاج کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا بار کونسل نے وکلا پر ٹیکس کے نفاذ کو آئین اور وکلا کی عزت کے منافی قرار دیتے ہوئے عدالتوں سے بائیکاٹ کی کال دی تھی، جس پر آج صوبے بھر میں وکلا نے عدالتی کارروائیوں میں حصہ نہیں لیا۔
بار کونسل کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وکلا ایف بی آر سے رجسٹریشن نہیں کرائیں گے اور نہ ہی نان فائلر کیٹیگری میں شامل ہونا قبول کریں گے۔ ان کا مؤقف ہے کہ وکلا سے مشاورت کے بغیر ٹیکس پالیسی نافذ کرنا سراسر ناانصافی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈاکٹرز کونسل خیبر پختونخوا کا احتجاجی مظاہرہ،پروفیشنل ٹیکس مسترد کردیا
وکلا تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر یہ ٹیکس پالیسی واپس لے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔