مانسہرہ: وادیٔ کاغان کے خوبصورت مقام مہانڈری میں پل کی تنصیب کے باعث چھ کلومیٹر طویل ٹریفک جام لگ گیا، جس کے باعث درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کی جانب سے پل کی تنصیب کے دوران سڑک کی بندش کی گئی، تاہم متبادل راستہ نہ ہونے اور بروقت اطلاع نہ دیے جانے پر ٹریفک جام نے سنگین صورتحال اختیار کر لی۔ گاڑیوں میں پھنسے خواتین، بچے اور بزرگ گرمی میں پریشان رہے۔
سیاحوں کا کہنا ہے کہ وہ پانچ گھنٹوں سے گاڑیوں میں محصور ہیں، اور انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی رہنمائی یا سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ مہانڈری کے مقام پر صورتحال ابتر ہے، اور لوگ غیر یقینی کیفیت میں مبتلا ہیں۔
یہ بھی پڑھیں مہمند ڈیم پر ضلعی و صوبائی سیکیورٹی اداروں کا مشترکہ ردعمل تیار
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے بتایا ہے کہ پل کی تنصیب کا کام رات 12 بجے تک مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد ٹریفک بحال کر دی جائے گی۔
تاہم مقامی افراد اور متاثرہ سیاحوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے ترقیاتی منصوبے سیاحتی سیزن سے ہٹ کر مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔