جھلسا دینے والی گرمی کا آخری روز، بادل برسنے کو تیار

جھلسا دینے والی گرمی کا آخری روز، خیبرپختونخوا میں بادل برسنے کو تیار

خیبرپختونخوا میں جھلسا دینے والی گرمی کے بعد موسم میں خوشگوار تبدیلی کا امکان ہے صوبے کے بیشتر اضلاع میں آج سے تیز آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق پری مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ پیر تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

بارشوں کے اس نئے سلسلے سے چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، کولائی پالس، تورغر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، شمالی و جنوبی وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک، کوہاٹ، ہنگو، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک متاثر ہو سکتے ہیں جہاں ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں اور ضروری مشینری ہر وقت دستیاب رکھی جائے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں، سائن بورڈز اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہیں، کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ موسم کی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں۔

بالائی اور حساس علاقوں میں مقامی آبادی اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسمی حالات سے باخبر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ مقامی زبانوں میں آگاہی پیغامات پہنچانے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ اداروں کو سڑکوں کی فوری بحالی کے لیے الرٹ رہنے اور متبادل راستوں کی نشاندہی کی ہدایت کی گئی ہے، سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر سے پہلے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن پر موسم اور راستوں سے متعلق معلومات حاصل کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کے ساتھ مذاکرات کی راہ ہموار، جنیوا میں اہم سفارتی ملاقات آج متوقع

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں ادارے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top