سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) نے اپنے قیام کے دوسرے سال میں پاکستان کے آئی ٹی اور ٹیلی کام شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں جنہوں نے ملک کو ڈیجیٹل دنیا میں باوقار مقام دلانے کی بنیاد رکھ دی ہے۔
ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنیوں گوگل، مائیکروسافٹ اور سسکو نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی جس سے ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کو عملی شکل ملی۔
2 لاکھ یونیورسٹی گریجویٹس کو جدید آئی ٹی سکلز کی تربیت دے کر روزگار کے قابل بنایا جا رہا ہے جبکہ چین کے ساتھ 5 سالہ ٹیکنالوجی و سکلز ٹرانسفر معاہدہ صنعتی ترقی اور اختراعات کی نئی راہیں کھول رہا ہے۔
ملک بھر میں 10 ہزار ای روزگار مراکز کے قیام کا منصوبہ زیر تکمیل ہے جس سے ہر سال 50 ہزار فری لانسرز کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
فری لانسرز کے لیے پے پال کے ذریعے ادائیگیوں کی سہولت اور سپیشل فارن کرنسی اکاؤنٹس نے بین الاقوامی لین دین کو آسان بنا دیا ہے۔
ایس آئی ایف سی کی سرپرستی میں پاکستانی سٹارٹ اپس کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جا رہا ہے، 43 جدید آئی ٹی پارکس نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع فراہم کر رہے ہیں، اسلام آباد اور کراچی میں بڑے آئی ٹی پارکس کی تعمیر جاری ہے جو ملک کی ڈیجیٹل معیشت کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
قومی فائبر پالیسی کے تحت ملک گیر کنیکٹیویٹی کے اہداف حاصل ہو رہے ہیں اور6 گیگا ہرٹز سپیکٹرم اور وائی فائی 6 ای ٹن کے آغاز سے پاکستان جدید ترین ٹیکنالوجی اپنانے والے ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔
آج پاکستان کی 81 فیصد آبادی کو 4G کوریج حاصل ہے، ملک بھر میں 15 لاکھ سے زائد فری لانسرز سرگرمِ عمل ہیں اور آئی ٹی برآمدات 3.2 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی واشنگٹن میں اعلیٰ امریکی تھنک ٹینکس اور میڈیا تجزیہ کاروں سے اہم ملاقاتیں
ایس آئی ایف سی کے مؤثر اقدامات نے پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی بنیاد کو مضبوط کیا ہے، جس کے ثمرات آئندہ برسوں میں قومی معیشت میں نمایاں نظر آئیں گے۔