گورنر ہاؤس پشاور میں معرکۂ حق اور آپریشن ’’بنیان المرصوص‘‘ کی عظیم فتح کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سیاسی، سماجی، سفارتی اور میڈیا سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی، تقریب کے میزبان اور مہمان خصوصی گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ آج میں نہ صرف اپنی بلکہ خیبر پختونخوا کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے اس شاندار تقریب کی میزبانی کر رہا ہوں، یہ تقریب ہماری مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی ہے جنہوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر ایک تاریخی مثال قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت ہمارے لیے ایک امتحان تھا جس کا افواجِ پاکستان نے جرات اور بہادری سے مقابلہ کیا، پوری قوم اور امتِ مسلمہ کو اپنی افواج پر فخر ہے، فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ معرکہ حق میں صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین نے اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کیا جس کی مثال نہیں ملتی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہمارے میڈیا نے اس موقع پر انتہائی ذمہ دارانہ کردار ادا کیا اور عالمی دنیا کو بہترین پیغام دیا، گورنر نے تقریب میں سینئر اینکرز اور میڈیا پرسنز کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سفارتی محاذ پر ہونے والی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وفد نے عالمی سطح پر مؤثر انداز میں ملک کا مؤقف پیش کیا، انہوں نے مزید کہا کہ پہلی بار ایک پاکستانی فیلڈ مارشل کو امریکی صدر کی جانب سے باضابطہ میزبانی ملی جو ہماری بڑی سفارتی فتح ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایرانی حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، باطل کے خلاف فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے اور ایران ان شاءاللہ فتح سے ہمکنار ہوگا، تقریب کے آخر میں شرکاء نے پاک افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور قومی اتحاد و یکجہتی کے تسلسل پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سوات :کالام میں سیاحوں کی کشتی الٹنے سے 3افراد جاں بحق،3 زخمی، ایک لاپتہ
تقریب میں سابق گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، انجینئر شوکت اللہ، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ، قومی وطن پارٹی کے صوبائی صدر سکندر حیات شیرپاؤ، ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ، صوبائی اسمبلی کے اراکین، ملک بھر سے آئے سینئر اینکر پرسنز، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور دیگر ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔





