امریکا جانے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک اہم انتباہ جاری کیا گیا ہے جس کے تحت ایف، ایم اور جے ویزوں کے تمام درخواست دہندگان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مکمل چیکنگ لازمی قرار دی گئی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ قومی سلامتی کے تحت نافذ کی گئی اس نئی پالیسی کا مقصد ویزا درخواست گزاروں کی سکریننگ کے عمل کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
نئی پالیسی کے تحت اب امریکہ میں پیشہ ورانہ، تعلیمی اور تبادلہ پروگرامز کے تحت داخلے کے خواہشمند ہر فرد کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، اس میں فیس بک، انسٹاگرام، ایکس، لنکڈ اِن اور دیگر معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز شامل ہیں۔
محکمہ خارجہ کے مطابق ویزا درخواست کے وقت سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو پبلک یعنی عوامی طور پر قابلِ رسائی رکھنا ضروری قرار دیا گیا ہے تاکہ ان کی جانچ پڑتال میں کوئی رکاوٹ نہ آئے، حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا انتہا پسندی کے رجحانات کو بروقت شناخت کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر ہاؤس پشاور میں آپریشن ’’بنیان المرصوص‘‘ کی فتح پر پروقار تقریب
اس قانون سے وہ تمام افراد متاثر ہوں گے جو امریکا میں تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، تحقیق یا کسی بھی تبادلہ پروگرام میں شرکت کے لیے ویزا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔





