امریکی نے ایران پر ممکنہ حملے کی تیاری کے طور پر بی 2 اسٹیلتھ بمبار طیارے متحرک کر دیے ہیں۔
بی 2 بمبار طیارے امریکی ریاست مزوری کے وائٹ مین ایئر فورس بیس سے مغرب کی سمت روانہ ہوئے جن کے ساتھ ایندھن بھرنے والے چار ٹینکرز بھی تھے۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق امریکہ کے چار بی 2 اسٹیلتھ بمبار طیارے امریکی ریاست مزوری کے وائٹ مین ایئر فورس بیس سے ہفتے کی صبح مغرب کی سمت روانہ ہو گئے ہیں۔
فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق ان طیاروں کے ہمراہ چار ایندھن بھرنے والے ٹینکر طیارے بھی موجود تھے۔ بی 2 بمبار طیارے بحرالکاہل کے امریکی جزیرے گوام کی طرف جاتے دیکھے گئے جہاں سے وہ ممکنہ طور پر جنوبی بحر ہند میں واقع امریکی فوجی اڈے ڈیگو گارشیا منتقل ہو سکتے ہیں جو ایران پر حملے کی رینج میں آتا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے زیرِ زمین نیوکلیئر تنصیب فردو پر حملے کے امکان کا جائزہ لے رہے ہیں، بی 2 بمبار طیارہ دنیا کا واحد ایسا اسٹیلتھ جنگی طیارہ ہے جو 30 ہزار پاؤنڈ وزنی گائیڈڈ بم لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کی اس صلاحیت کو فردو جیسے مضبوط اور زیر زمین اہداف کو تباہ کرنے کے لیے کلیدی حیثیت حاصل ہے۔
صدر ٹرمپ نے جمعرات کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران پر ممکنہ حملے کا حتمی فیصلہ آئندہ دو ہفتوں میں کیا جائے گا۔





