اسرائیلی جارحیت سے عالمی امن کو خطرہ لاحق ہے، اسحاق ڈار

اسرائیلی جارحیت سے عالمی امن کو خطرہ لاحق ہے، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کہ اسرائیل کے حالیہ اقدامات سے عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں، مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر گہری تشویش ہے، بالخصوص ایران پر اسرائیلی حملے ناقابل قبول ہیں۔

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ امتِ مسلمہ کو اس وقت بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے جن میں اسلاموفوبیا بھی شامل ہے جس کی روک تھام کے لیے ہمیں اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔

اسحاق ڈار نے بھارت کی آبی جارحیت پر بھی شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے جسے اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا، بھارت نے پاکستان پر بلاجواز جارحیت کی ہے جس پر عالمی برادری کو خاموش نہیں رہنا چاہیے۔

ترکیہ کے وزیر خارجہ نے بھی اسرائیلی اقدامات کو خطے کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف غزہ یا ایران کا مسئلہ نہیں رہا، اسرائیل کو روکنا ہوگا انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم بھی کیا۔

او آئی سی اجلاس کے سائیڈ لائن پر اسحاق ڈار کی سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور قازقستان کے وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی اور پرتشدد جرائم، امریکا نے بھارت کو ہائی رسک ملک قرار دے دیا

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون اور باہمی مفادات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان اور سعودی عرب نے اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ قازقستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں تعلقات کو کثیر الجہتی وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

Scroll to Top