خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کا آئندہ مالی سال کا بجٹ پارٹی کے بانی اور بانی پی ٹی کی مشاورت کے بغیر کسی صورت منظور نہیں ہوگا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ عوام نے بانی پی ٹی آئی کے نظریے کو ووٹ دیا ہے، آئندہ بجٹ کی منظوری بھی انہی کے مشورے سے ممکن ہوگی۔
مشیر خیبرپختونخوا نے خبردار کیا کہ اگر صوبے میں کسی قسم کی ایمرجنسی نافذ کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ جعلی حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکے گی۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اپنے مینڈیٹ کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار صرف وزیراعلیٰ کے پاس ہے اور وہ جب چاہیں یہ اقدام اٹھا سکتے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں فارم 45 کی بنیاد پر عوامی مینڈیٹ کے مطابق حکومت قائم ہے جب کہ وفاق اور دیگر صوبوں میں فارم 47 پر مبنی جعلی حکومتیں کھڑی ہیں، جو کسی بھی وقت گر سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر ہاؤس پشاور میں آپریشن ’’بنیان المرصوص‘‘ کی فتح پر پروقار تقریب
بیرسٹر سیف نے کہا کہ ایسی حکومتوں کو گرانے کے لیے صرف ایک دھکا کافی ہے اور تحریک انصاف ہر قیمت پر اپنے عوامی مینڈیٹ کا تحفظ کرے گی۔





