وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی، وزیراعظم نے وفد کو بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔
ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کو پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے سفارتی وفد کی امریکا اور یورپ میں ملاقاتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر سفارتی وفد کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی بھرپور اور بہترین ترجمانی پر آپ سب کو مبارک پیش کرتا ہوں، آپ نے پاکستان کا مقدمہ قومی جذبے سے لڑا اور کامیاب ہوکر لوٹے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شیری رحمان، ڈاکٹر مصدق ملک، حنا ربانی کھر، سینیٹر بشری انجم بٹ، سینیٹر فیصل سبزواری ،انجینئر خرم دستگیر اورجلیل عباس جیلانی اورتہمینہ جنجوعہ پر مشتمل وفد نے امریکا، یو کے اور یورپ میں پاکستان کے مؤقف کی قومی جذبے سے ترجمانی کی، پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں اس کا اعتراف ہورہا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے نہایت احسن انداز میں پاکستان کے موقف کو بیان کیا، وفد نے پہلگام سے لے کر سندھ طاس معاہدے تک کے واقعات کو صحیح تناظر اور احسن انداز میں پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں :ٹیکس وصولیوں کے ہدف کے حصول کیلئے اتوار کی چھٹی منسوخ
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم، قوم کی دعاؤں اور ہماری بہادر مسلح افواج کی عسکری مہارت سے بھارت کو اپنے بلاجواز جنگی جنون کی بھاری قیمت اُٹھانا پڑی۔





