پشاور: وفاقی حکومت کی جانب سے میٹر ریڈنگ کو ڈیجیٹل کرنے کے فیصلے کے بعد خیبرپختونخوا کی تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں کام کرنے والے چار ہزار سے زائد میٹر ریڈرز کی ملازمتیں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنا میٹر اپنی ریڈنگ ایپ متعارف کرانے کے بعد پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو)، ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (ہیسکو) اور ٹرائبل الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) میں میٹر ریڈنگ کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل کیے جانے کا امکان ہے، جس سے متعلقہ عملے کی ضرورت ختم ہو سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس تبدیلی کے بعد کئی میٹر ریڈرز کو فارغ کیے جانے یا سرپلس پول میں بھیجے جانے کا امکان ہے، جبکہ کچھ ملازمین کو دیگر شعبوں میں ایڈجسٹ کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نگران حکومت میں 32 ارب روپے کی کرپشن ہوئی، نیب تحقیقات کرے، لائق خان
ذرائع کا کہنا ہے کہ مدت ملازمت کے قریب پہنچنے والے درجنوں ملازمین کو مراعات دے کر قبل از وقت ریٹائر بھی کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے نئی بھرتیوں کی منظوری تاحال نہیں دی، جس کے باعث ملازمین کے مستقبل پر غیر یقینی صورتحال چھا گئی ہے۔





