پشاور: محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے سرکاری زمینوں سے متعلق عدالتی مقدمات اور ان سے جڑی مالی رقوم کی تفصیلات فوری طور پر طلب کر لی ہیں۔
اس سلسلے میں تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (DHOs) اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس (MSs) کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری ایک ہنگامی سرکلر میں کہا گیا ہے کہ زمین کے حصول سے متعلق عدالتی فیصلوں اور جاری مقدمات کی تفصیلات فوری طور پر فراہم کی جائیں، کیونکہ یہ ایک عدالتی نوعیت کا معاملہ ہے جسے ترجیحی بنیادوں پر نمٹانا ضروری ہے۔
سرکلر کے مطابق محکمہ صحت کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان مقدمات کی معلومات، جن میں عدالتیں فیصلے دے چکی ہیں یا جو اب بھی زیر سماعت ہیں، گوگل فارم کے ذریعے جمع کروائیں۔
یہ بھی پڑھیں : اپنا میٹر اپنی ریڈنگ ایپ کے بعد 4 ہزار سے زائد میٹر ریڈرز کی نوکریاں خطرے میں پڑ گئیں
مزید یہ کہ خیبر پختونخوا بورڈ آف ریونیو نے بھی تمام انتظامی محکموں کو ہدایت دی ہے کہ صوبائی حکومت کے خلاف عدالتی فیصلوں کے مقدمات اور مالی واجبات سے متعلق تفصیلی ڈیٹا فراہم کیا جائے، جس کے تحت محکمہ صحت بھی اپنا ریکارڈ مرتب کر رہا ہے۔