فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کے زیر اہتمام اورکزئی میں محرم الحرام کے سلسلے میں ایک گرینڈ قبائلی جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں امن و امان کے قیام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا گیا۔
جرگے میں کمانڈنٹ اورکزئی سکاؤٹس، کمشنر کوہاٹ، آر پی او کوہاٹ، ڈپٹی کمشنر اورکزئی، ڈی پی او اورکزئی سمیت تقریباً 80 کے قریب قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔
جرگے میں شریک عمائدین میں اہل سنت اور اہل تشیع کے نمائندہ افراد شامل تھے جنہوں نے باہمی اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
کمانڈنٹ اورکزئی سکاؤٹس کی جانب سے دیا گیا پیغام ہم ایک ہیں شرکاء کی جانب سے خوب سراہا گیا جب کہ کمشنر کوہاٹ نے اپنے خطاب میں عوام سے پرامن رہنے اور باہمی رواداری کو فروغ دینے کی اپیل کی۔
قبائلی عمائدین نے امن و امان کے قیام میں پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہر موقع پر علاقے میں امن و استحکام کی فضا قائم رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور میں پاک فوج کے زیراہتمام سمر کیمپ، طلبہ کا زبردست مہارت کا مظاہرہ
تقریب کے اختتام پر تمام شرکا نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے پرجوش نعرے لگائے جو اتحاد، یکجہتی اور قومی جذبے کی روشن مثال تھے۔