چترال میں گلیشیئر پگھلنے سے دریا کی سطح بلند، ائیرپورٹ روڈ دریا برد

چترال میں گلیشیئر پگھلنے سے دریا کی سطح بلند، ائیرپورٹ روڈ دریا برد

چترال میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے کا عمل تیز ہو گیا ہے۔

گلیشیئرز کے پگھلنے سے دریا کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے اور دریا کا بہاؤ انتہائی تیز ہو چکا ہے، کئی علاقوں میں کٹاؤ اور تباہی کی نئی لہر کو جنم دیا ہے۔

ائیرپورٹ روڈ کا بڑا حصہ دریا برد ہو چکا ہے جبکہ باقی ماندہ حصہ بھی شدید خطرے سے دوچار ہے، جنالی کوچ کے علاقے میں دریا کی کٹائی سے باغات اور جنگلات تباہ ہو چکے ہیں جبکہ غورو، پرکوسپ اور مستوج کے علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے،متاثرہ علاقوں میں خوراک اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق ایک نجی پارٹی کی جانب سے دریا کا رخ موڑنے کی کوشش اس تباہی کا سبب بنی جس سے پانی کا قدرتی بہاؤ متاثر ہوا اور کٹاؤ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 26 جون سے بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع ہے جس سے اچانک سیلاب کے خدشات بڑھ گئے ہیں، عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جارح مزاج بلے باز کیرون پولارڈ نے ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا

ضلعی انتظامیہ نے ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو فعال کر دیا ہے، ریسکیو، محکمہ آبپاشی، صحت اور دیگر اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔

Scroll to Top