شفاف، باصلاحیت اور خدمت گزار بیوروکریسی ریاستی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہے، فیلڈ مارشل

شفاف، باصلاحیت اور خدمت گزار بیوروکریسی ریاستی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہے، فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے آرمی آڈیٹوریم میں سول سروسز اکیڈمی کے 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران سے خصوصی ملاقات کی۔

یہ ملاقات پاکستان کی سول و عسکری قیادت کے درمیان ادارہ جاتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے قومی اقدام کا حصہ تھی۔

کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران حالیہ ہفتوں میں پاکستان آرمی کی فارمیشنز کے ساتھ امن و آپریشنل علاقوں کشمیر، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں منسلک رہے جہاں انہوں نے تینوں مسلح افواج کی سرگرمیوں اور قومی سلامتی سے متعلق امور کا قیمتی مشاہدہ کیا۔

اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل نے قومی سلامتی، داخلی و خارجی چیلنجز اور پاک فوج کے علاقائی و ملکی استحکام میں کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ قومی ترقی کے لیے اداروں کے درمیان باہمی احترام، ہم آہنگی اور یکجہتی ناگزیر ہے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ شفاف، باصلاحیت اور خدمت گزار بیوروکریسی ریاستی نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، انہوں نے نوجوان افسران پر زور دیا کہ وہ دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کو اپنی خدمات کا محور بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور میں پاک فوج کے زیراہتمام سمر کیمپ، طلبہ کا زبردست مہارت کا مظاہرہ

کامن ٹریننگ پروگرام کے شرکا نے عسکری قیادت کے ساتھ ملاقات کو ایک گراں قدر تجربہ قرار دیا اور پاک فوج کی قیادت کے وژن، پیشہ ورانہ تیاری اور قومی ترقی میں کردار کو سراہا۔

ملاقات کا اختتام ایک انٹرایکٹو سوال و جواب کی نشست کے ساتھ ہواجس میں تعمیری مکالمے، ادارہ جاتی تعاون اور پاکستان کی پائیدار ترقی کے عزم کو مزید تقویت ملی۔

Scroll to Top