خیبرپختونخوا حکومت نے ڈپٹی کمشنر سوات کو تبدیل کردیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنرسوات شہزاد محبوب کو تبدیل کیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ تعیناتی کے منتظر سلیم جان کو تعینات کیا گیا ہے۔
سلیم جان اس سے قبل جنوبی وزیرستان اپر میں فرائض انجا م دے چکے ہیں ۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں حالیہ سیلابی ریلوں کے نتیجے میں پیش آنے والےواقعات پر صوبائی حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 4اعلیٰ افسران کو ان کی مبینہ غفلت اور ناقص کارکردگی پر معطل کر دیاتھا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر کی گئی اس کارروائی کی تفصیلات ترجمان وزیراعلیٰ فراز احمد مغل نے میڈیا سے شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کو باقاعدہ انکوائری کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، تاکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا سکیں۔
ترجمان کے مطابق، ابتدائی طور پر اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی کو متاثرہ علاقے میں سست ردعمل دکھانے پر معطل کیا گیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر خوازہ خیلہ کو بروقت پیشگی وارننگ جاری نہ کرنے پر ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
اسی طرح، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) کو پیشگی انتظامات میں ناکامی پر معطل کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، ریسکیو سرگرمیوں میں سستی اور نااہلی پر ریسکیو 1122 سوات کے ضلعی انچارج کو بھی فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔





