کرپشن کے ریلے میں پورا خیبرپختونخوا بہہ رہا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف

 وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے  کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن کےریلے میں پورا صوبہ بہہ رہا ہے اور اس کے نتیجے میں صوبہ مسلسل بحران کا شکار ہے۔

 خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی میں آپس کی لڑائیاں اور تنازعات کا سلسلہ جاری ہے اور پارٹی کے اندرونی انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے پارٹی کا مستقبل غیر واضح ہے۔

پی ٹی آئی نے ایک طویل عرصے سے پارٹی انتخابات نہیں کرائے، ان کا نام کبھی سنی اتحاد، کبھی پی ٹی آئی اور کبھی کچھ اور ہو جاتا ہے، یہ کون سی پارٹی ہے؟ اس کی کیا شناخت ہے؟ کسی کو کچھ نہیں پتہ۔

خواجہ آصف نے خیبرپختونخوا میں پیش آنے والے حالیہ حادثات پر بھی بات کی اور کہا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے پہلے بھی اس نوعیت کے واقعات ہو چکے ہیں۔

انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ کچھ لوگ مشینری لے کر اسلام آباد پر حملہ آور ہوتے ہیں جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو جاتی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ  پی ٹی آئی میں اب کوئی بھی سنجیدگی سے پارٹی کے بانی کی رہائی کے حق میں نہیں ہے اور یہ اس بات کا غماز ہے کہ پارٹی کا داخلی نظام کس حد تک متنازع ہو چکا ہے۔

وزیر دفاع نے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کے آزاد ہونے پر بھی بات کی اور کہا کہ یہ افراد شاید علیحدہ پارٹی بنا کر حکومتی اتحاد میں شامل ہو جائیں یا کوئی موجودہ پارٹی جوائن کریں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہائبرڈ سسٹم کے نتیجے میں پاکستان کی پاسپورٹ اور کریڈٹ رینکنگ میں بہتری آئی ہے،ڈیڑھ ماہ میں پاکستان کو تین اہم فتوحات حاصل ہوئی ہیں جن میں بھارت کا ایس سی او سے فرار اور سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے کامیاب مذاکرات شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر خیبرپختونخوا اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات، سانحہ سوات پر وزیراعلیٰ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

وزیر دفاع خواجہ آصف کا مزید کہنا تھاکہ  بھارت کی مستقبل کی پالیسی پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ بھارت اپنی عالمی ساکھ کو بحال کرنے کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور کرے گا مگر اس حوالے سے انہیں ابھی تک کوئی مصدقہ اطلاعات نہیں ملیں۔

Scroll to Top