بلوم برگ کی رپورٹ پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوم برگ کی حالیہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ میں پاکستانی معیشت میں اصلاحات، قرض کی ادائیگی اور معاشی بہتری کا اعتراف کیا گیا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان تیزی سے مستحکم معاشی مستقبل کی جانب بڑھ رہا ہے اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ کامیاب معاہدے اور بروقت ادائیگیاں حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ معاشی بہتری حکومتی ٹیم کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے اور اس کامیابی کی بدولت پاکستان عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی معیشتوں میں سرفہرست قرار پایا ہے۔

بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی ڈیفالٹ رسک میں گزشتہ 12 ماہ میں نمایاں کمی آئی ہے،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا امکان 59 فیصد سے کم ہو کر 47 فیصد تک پہنچ چکا ہے جو کہ پاکستان کی معیشت کی بہتری کی واضح نشاندہی کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے ڈیفالٹ رسک میں گزشتہ 12 ماہ میں بڑی کمی آگئی، بلوم برگ

وزیراعظم  شہبازشریف نے بلوم برگ کی رپورٹ کو پاکستان کے معاشی استحکام کی جانب ایک اور اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی سطح پر پاکستان کی معاشی پوزیشن کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔

Scroll to Top