صدر مملکت اور وزیراعظم کی فورسز پر حملے کی شدید مذمت، شہدا کو خراجِ عقیدت

صدر مملکت اور وزیراعظم کی فورسز پر حملے کی شدید مذمت، شہدا کو خراجِ عقیدت

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بارود بھری گاڑی سیکیورٹی فورسز کے قافلے سے ٹکرا دی، انہوں نے  حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے 13 بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر مادرِ وطن کے تحفظ کو یقینی بنایا۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، دفاع وطن کی راہ میں جان قربان کرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں، انہوں نے اس بزدلانہ حملے کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ایسا بزدلانہ حملہ قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔

صدر آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 14 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر ان کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی قوم اور سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، صدر مملکت نے زخمی شہریوں، بچوں اور خاتون کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات بلند کرنے کی دعا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حملے کی شدید مذمت کی اور دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 13 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیاہے،

وزیراعظم نے کہا کہیہ بزدلانہ کارروائی بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی جانب سے کی گئی اور قوم کو یقین دلایا کہ ہم دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوں گے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں خودکش حملہ، 13 سیکیورٹی اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں 14 دہشت گرد ہلاک

وزیراعظم شہبازشریف نے معصوم شہریوں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔

Scroll to Top