خیبرپختونخوا میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مختلف اضلاع میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خطرات موجود ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ سوات، چترال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، بنوں اور وزیرستان کے علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
علاوہ ازیں، دریائے سوات، پنجکوڑا اور ان کی معاون ندیوں میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ جبکہ دریائے کابل میں کم درجے کے سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں ندی نالوں کی طغیانی سے جانی و مالی نقصان کا خطرہ موجود ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
مزید برآں، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے، دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور ایمرجنسی رسپانس مؤثر بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو حساس مقامات پر ٹریفک کنٹرول، ڈرینج سسٹمز کی صفائی اور متبادل راستوں کی نشاندہی کے اقدامات جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی فصلوں کو جلد از جلد کاٹ کر محفوظ مقامات پر ذخیرہ کریں، جبکہ مویشی پالنے والے حضرات اپنے جانوروں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شدید موسمی حالات جیسے آندھی، ژالہ باری یا گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر پناہ لیں، بلا ضرورت سفر سے گریز کریں، اور شاہراہوں پر سفر کے دوران محتاط رہیں۔
مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ممکنہ متبادل راستوں کی معلومات حاصل کریں اور محکمہ موسمیات یا ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
آخر میں، پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ موسمی الرٹس کو مقامی زبانوں میں عوام تک بروقت اور مؤثر انداز میں پہنچایا جائے، تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔





