اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ تین سے چار دنوں کے دوران شدید مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 5 جولائی تک کشمیر، اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، اور خیبر پختونخوا کے شمالی و وسطی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔
ان بارشوں کے نتیجے میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور کوہاٹ کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک اور چکوال میں آج رات 9 بجے سے صبح 4 بجے تک شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جب کہ جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال اور لاہور میں بھی موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن کے نشیبی علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ ہزارہ، مالاکنڈ، آزاد کشمیر اور پیر پنجال کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔
علاوہ ازیں دریائے کابل، دریائے سوات، چترال اور ہنزہ کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ملک کے جنوبی علاقوں میں بھی شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ 2 سے 5 جولائی کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں، جن کے باعث حیدرآباد اور ٹھٹھہ میں سیلاب کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سوات سانحہ صوبائی حکومت کی نااہلی، ان کی ترجیحات لوٹ مار ہیں، گورنر فیصل کریم کنڈی
اتھارٹی نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران کمزور اور کچی عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں سے دور رہیں۔
آندھی اور طوفان کی صورت میں حدِ نگاہ کم ہونے سے ٹریفک حادثات کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں اور عوام کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔





