پشاور: محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے پشاور کے مضافاتی علاقے ارمڑ شمشتو میں ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مبینہ خودکش حملہ آور اور اس کے ہینڈلر کو ہلاک کر دیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے تحت کی گئی، جس میں افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے رہائشی مبینہ خودکش حملہ آور منیر احمد اور اس کا ہینڈلر مارے گئے۔
ہلاک شدگان کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ تھے اور حساس تنصیبات پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔سی ٹی ڈی نے بتایا کہ منیر احمد کو نومبر 2024 سے ٹریک کیا جا رہا تھا۔
ہلاک دہشت گرد خوست، افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوا تھا اور ننگرہار کا اشتہاری ملزم تھا۔ ہینڈلر کی شناخت جاری ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
آپریشن کے دوران خودکش جیکٹ، ایک عدد سب مشین گن (ایس ایم جی)، گولیاں اور پستول برآمد کیے گئے ہیں۔ واقعے کا مقدمہ درج کر کے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے تاکہ معاملے کی مکمل چھان بین کی جا سکے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے دہشتگردوں کی منصوبہ بندی کو شکست پہنچائی گئی ہے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔





